اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا میں قبل از وقت صدارتی الیکشن سابق صدر پارک گئون ھی کو سیاسی اور اقتصادی بدعنوانی میں ملوث ہونے کی بنا پر عدالت کی جانب سے برطرف کئے جانے کے بعد ہو رہا ہے - منگل کو صدارتی الیکشن کے لئے پولنگ صبح چھے بجے شروع ہوئی جو شام چھے بجے تک جاری رہی - اس سے پہلے صدارتی امیدواروں کی انتخابی مہم پیر کی شام ختم ہوگئی تھی - جنوبی کوریا میں صدارتی الیکشن ایک ہی مرحلے میں انجام پاتا ہے اور جس امیدوار کو بھی سب سے زیادہ ووٹ ملیں گے وہی ملک کا صدر ہوگا - جنوبی کوریا کے صدارتی الیکشن کے دوران سب سے بڑا موضوع اقتصادی مسائل اور جنوبی کوریا میں امریکا کے تھاڈ میزائل سسٹم کی تنصیب ہے - جنوبی کوریا کے منتخب صدر کا بدھ کو اعلان کردیا جائے گا - دوسری جانب جنوبی کوریا کے شہریوں نے امریکا کے تھاڈ میزائل سسٹم کی تنصیب سے متعلق سمجھوتے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اس مقام کے اطراف میں دھرنا دیا ہے جہاں یہ میزائل سسٹم نصب کیا جانا ہے - جنوبی کوریا کے علاقے سئونگجو کے باشندوں نے امریکا کے تھاڈ میزائل سسٹم کی تنصیب کے خلاف ایک بار پھر احتجاجی دھرنا دیا ہے- اس سے پہلے بھی سئونگجو اور دیگر شہروں منجملہ دارالحکومت سئول کے باشندے تھاڈ میزائل سسٹم نصب کئے جانے کے تعلق سے جنوبی کوریا اور امریکا کے درمیان ہوئے معاہدے کے خلاف کئی بار مظاہرے کرچکے ہیں - مظاہرین کا کہنا ہے کہ امریکی میزائل سسٹم تھاڈ کو جتنی جلدی ہوسکے واپس امریکا لوٹایا جائے-












.......
/169